اسلام آ باد ( رانا غلام قادر)متروکہ وقف املاک بورڈ کے عملہ نے جمعہ کے رو زکراچی میںسہراب گوٹھ کے ایریا میں ناجائز قابضین کے خلاف آپریشن کرکے اربوں روپے مالیت کی 3 ایکڑ کمرشل اراضی واگزار کروا لی تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ آپریشن ختم ہونے کے بعد دوبارہ اس پلاٹ پرقبضہ کرلیا گیا۔ بعد ازاں ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کا کہنا ہے کہ انتظامی کنٹرول حاصل کرکے مسلح گارڈ ز تعینات کئےجائیں ، غیر قانونی قابضین کے خلاف یہ کارروائی سپریم کورٹ آف پاکستان کے زیر نگرانی قائم چیئرمین ون مین کمیشن شعیب سڈل اور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کی ہدایات پر عمل میں لائی گئی ۔سیکرٹری بورڈ فرید اقبال نے ڈپٹی سیکرٹری پراپرٹی حسن امتیاز کے ہمراہ آپریشن کی نگرانی کی جبکہ ، FIA اسٹاف، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کراچی ، مقامی پولیس، ETPB سیکیورٹی اہلکار اور بھاری مشینری نے بھرپور معاونت فراہم کی۔ دورانِ آپریشن صحراب گوٹھ کراچی میں مختلف مقامات پر ٹرسٹ اراضی پر قائم چار دیواری اورتعمیر شدہ سپر اسٹرکچر کو مسمار کیا گیا۔بعد ازاں ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کراچی شاہد علی نےچیئر مین متروکہ وقف املاک کےنام مراسلہ لکھا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ اراضی پر ایک این جی او سندھ حکو مت کے محکمہ صحت کے اشتراک سے ہیلتھ ڈسپنسری تعمیر کر رہی تھی۔