پشاور(جنگ نیوز)وزیرِ اعلیٰ ہاؤس خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریکِ انصاف کی سینئر قیادت کا اہم اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر علی خان، وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی، صوبائی صدر جنید اکبر، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال، خصوصاً حالیہ ہنگو بم دھماکے کے واقعے پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کے آغاز میں ہنگو دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے ایصالِ ثواب اور ان کے لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں تمام سابق وزرائے اعلیٰ، گورنرز، صوبے کے تمام سیاسی پارٹیوں کے قائدین، علماء، جرگہ مشران، سول سوسائٹی، وکلاء اور اہم شخصیات پر مبنی امن جرگے بلایا جائےگا تاکہ صوبے میں دہشتگردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے متفقہ اور قابلِ عمل حکمتِ عملی وضع کی جا سکے۔اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور آج بھی دہشتگردوں کے خلاف صفِ اوّل میں ڈٹی ہوئی ہے۔اس موقع پر وزیر اعلی نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت پولیس فورس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی ہر ممکن معاونت جاری رہے گی۔ پولیس کو جدید آلات، پیشہ ورانہ تربیت اور درکار وسائل کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔