• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور امراضِ چشم کے علاج میں خطے کا نمایاں مرکز ہے، ڈاکٹر نعیم خٹک

پشاور (خصوصی نامہ نگار) ماہر امراض چشم پروفیسر ڈاکٹر نعیم خٹک نے کہا ہے کہ پشاور کو امراض چشم کے علاج کی بہترین سہولیات کے لئے خطہ میں نمایاں مقام حاصل ہے اور ہر سال ملک کے دیگر صوبوں اور افغانستان سے ہزاروں مریض علاج کے لئے پشاور آتے ہیں۔ وہ پشاور آئی ہسپتال کے زیر اہتمام پشاور پریس کلب میں صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کے لئے آئی کیمپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ آئی کیمپ میں پروفیسر ڈاکٹر نعیم خٹک کی سربراہی میں امراضِ چشم کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ڈیڑھ سو سے زائد صحافیوں اور ان کے فیملی ممبرز کا معائنہ کیا، ان کو چیک اپ، ادویات، عینکیں اور آنکھوں کی صحت کے حوالے سے ضروری رہنمائی فراہم کی گئی۔ پروفیسر ڈاکٹر نعیم خٹک نے کہا کہ میڈیا ورکرز عموماً طویل وقت تک کمپیوٹر، لیپ ٹاپ اور موبائل اسکرین کے سامنے بیٹھ کر کام کرتے ہیں جس کی وجہ سے آنکھوں کی خشکی، دھندلاہٹ اور بینائی میں کمی جیسے مسائل عام ہیں۔ اس لئے صحافیوں کو چاہئے کہ وہ باقاعدگی سے آنکھوں کا معائنہ کرائیں اور آنکھوں کے آرام کا خاص خیال رکھیں۔ پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافت ایک محنت طلب اور چیلنجز سے بھرپور پیشہ ہے، جس میں صحافی اپنی صحت کو اکثر نظرانداز کر دیتے ہیں۔
پشاور سے مزید