کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ نون کو موجودہ وزیراعظم آزاد کشمیر انوار الحق کی حمایت سے بدنامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا ہے اس لیے حمایت ترک کردی ہے اب انہیں خود سوچ لینا چاہئے،تحریری درخواست پر عمران خان کو بنی گالہ منتقلی پر غور کیا جاسکتا ہے،خیبرپختونخوا حکومت نے اسلام آباد میں دھرنے کی اگر اجازت لی تو ہم اجازت دیں گے لیکن وہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ہوگی اور اگر کچھ گڑ بڑ کی گئی تو چھبیس نومبر سے زیادہ ایکشن ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیوکے پروگرام ’جرگہ‘ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ نون لیگ نے آزاد کشمیر میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے اور موجودہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق باتیں بہت کرتے ہیں مگر کارکردگی صفر ہے اب وقت آگیا ہے کہ فیصلہ کر لیا جائے ہم چونکہ وہاں اکثریت میں نہیں ہیں اس لیے اپنا وزیراعظم نہیں لارہے ہیں۔ عمران خان کے بنی گالہ شفٹ ہونے کی تجویز سے متعلق سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ اس طرح کی کی باتیں پی ٹی آئی کی طرف سے کی جاتی ہیں اور پھر ماحول بنانے کی کوشش کی جاتی ہے ہماری طرف سے کوئی ڈیل آفر نہیں ہوئی ہے ۔ البتہ یہ تحریری درخواست دیں گے تو اس پر غور کیا جاسکتا ہے۔ سینیٹر طلال چوہدری نے مزید کہا کہ ہم ہمیشہ یہ دیکھتے ہیں کہ اداروں کے پیچھے وزیراعظم کھڑا ہے جبکہ معاملہ اس کے برعکس ہے اسی لیے پاکستان کامیابیاں سمیٹ رہا ہے ۔