اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے دہشتگردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنادیا ہے جو کہ ممکنہ طور پر انسانی بحران پیدا کرنے والا حملہ بن سکتا تھا۔ خوارجی فتنہ الخوارج کے بارے میں اطلاع تھی کہ وہ گاڑی میں خودکش بم تیار کررہے ہیں۔جوانوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے جھلار میں کارروائی کی ،گاڑی تباہ کردی،اور تین دہشگردوں کو ہلاک کردیا۔فوجی ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اخباری بیان کے مطابق بھارتی پراکسی سے تعلق رکھنےوالے خوارجی فتنہ الخوارج کے بارے میں معتبرانٹیلی جنس کی بنیادپربھارت نواز تنظیم "فِتنہ الخوارج" کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جو ایک گاڑی میں خودکش بم تیار کر رہے تھے تاکہ ملک میں بڑی دہشت گرد کارروائی انجام دے سکیں۔اس اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے جھلار میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی۔ دورانِ آپریشن، پاک فوج کے جوانوں نے انتہائی مہارت اور درستگی کے ساتھ دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔