اسلام آباد ( نامہ نگار ) ڈیڑھ سال میں غیر ضروری ادویات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، ذرائع کے مطابق ادویات کی قیمتوں کے حوالے سے کیے گئے سروے کے دوران معلوم ہو ا ہے کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران غیر ضروری ادویات کی قیمتیں پچیس فیصد بڑھی ہیں ،ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈریپ کی جانب سے تیار کی گئی پوسٹ ڈی ریگولیشن میڈیسن پرائس سروے رپورٹ پر ڈبلیو ایچ او کی سفارشات وزیراعظم آفس کو ارسال کر دی گئی ہے،اس سے قبل یہ رپورٹ ڈبلیو ایچ او کو ارسال کی گئی تھی ،ذرائع کے مطابق سروے کے دوران ٹاپ 100غیر ضروری ادویات کی قیمتوں، دستیابی اور ریگولیشن کے اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ یہ سروے صوبائی دارالحکومتوں، دو چھوٹے شہروں، شہری و دیہی علاقوں کی فارمیسیز، اسپتالوں اور ڈسٹری بیوٹرز سے حاصل کردہ ڈیٹا کی بنیاد پر تیار کیا گیا۔رپورٹ میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ حکومت کو اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ میڈیسن پرائسز کو دوبارہ ریگولیٹ کیا جائے یا ڈی ریگولیٹ رکھا جائے ، تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔