• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روشن معیشت بجلی پیکج صنعتوں کے اصل مسائل کا حل نہیں، میاں بختاور تنویر شیخ

ملتان (سٹاف رپورٹر) ایوان تجارت و صنعت ملتان کے صدر میاں بختاور تنویر شیخ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ روشن معیشت بجلی پیکج صنعتوں کے اصل مسائل کا حل فراہم نہیں کرتا، کیونکہ اس میں موجودہ یا چلتی ہوئی صنعتوں کے لیے کوئی حقیقی ریلیف شامل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیکج اگرچہ اچھے ارادوں کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے، مگر بجلی کے بلند نرخوں کا بنیادی مسئلہ جوں کا توں برقرار ہے۔میاں بختاور تنویر شیخ کے مطابق صنعتی صارفین کے لیے بجلی کا ٹیرف پہلے تقریباً 30 روپے فی کلو واٹ تک نیچے آیا تھا، جو اب 34 روپے فی کلو واٹ تک پہنچ چکا ہے، جبکہ نومبر اور دسمبر میں مزید 2 روپے فی کلو واٹ اضافہ متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں صنعتوں پر بوجھ مزید بڑھ جائے گا اور متعدد کارخانے بند ہونے پر مجبور ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے پچھلے پیکجز کی طرح یہ نیا اقدام بھی ایک وقتی اعلانات پر مبنی ناکام کوشش ثابت ہوگا، کیونکہ اس میں بنیادی ٹیرف میں کمی کے بجائے محض اضافی یونٹس پر رعایت دی گئی ہے۔ ان کے مطابق صنعتوں کو تب تک حقیقی ریلیف نہیں مل سکتا جب تک بجلی کی فی یونٹ قیمت 26 روپے کے قریب نہیں لائی جاتی۔میاں بختاور تنویر شیخ نے کہا کہ موجودہ بنیادی ٹیرف تقریباً 34 روپے فی یونٹ ہے، جس میں ٹیکس اور فیول ایڈجسٹمنٹ شامل نہیں، اس لیے 22.98 روپے فی یونٹ کا اعلان کردہ ریٹ صرف ایک ظاہری رعایت ہے جو زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا۔
ملتان سے مزید