• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوہستان سکینڈ ل ،گرفتار پولیس افسر کو 13روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

پشاور(نیوز رپورٹر) احتساب عدالت پشاور نے کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں گرفتار پولیس افسر کو 13روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیاجبکہ نیب خیبرپختونخوا نے سکینڈل کے مرکزی کردار قیصراقبال کے ساتھی اوردست راست بلال شاہ کے گھر پر چھاپے کے دوران 115تولے سونا برآمد کرلیا ہے ۔ گزشتہ روز ملزم سب انسپکٹر نصیر الدین بابر کو احتساب جج امجد ضیاء کی عدالت میں پیش کیا گیا اس دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم اپر کوہستان اسکینڈل میں ملوث ہے اور اس کے قبضے سے کروڑوں روپے برآمد ہوئے ہیں، تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم پر 6کروڑ روپے غبن کا الزام ہے اور اس کے اکاونٹ میں ساڑھے 3کروڑ کی ٹرانزیکشن بھی ہوئی ہے جو اسے مرکزی ملزم نے ٹرانسفر کی ہے لہٰذا اس سے مزید تفتیش کیلئے جسمانی ریمانڈ منظور کی جائے ، عدالت نے ملزم کو 13روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالہ کردیا۔ادھر نیب ذرائع کے مطابق سکینڈل میں نامزد مرکزی ملزم قیصر اقبال کے ساتھی اور دست راست بلال شاہ کے گھر پر نیب چھاپہ کے دوران 115 تولے سونا برآمد کیاگیا ہے، ملزم کا ابیٹ آباد میں 6 کروڑ روپے مالیت کا ایک پلاٹ بھی نکلا ہے۔نیب ذرائع کے مطابق نیب نے مرکزی ملزم قیصر اقبال کا ایک اور قیمتی بنگلہ بھی منجمد کیا ہے، بنگلے کی مالیت تقریبا 6 کروڑ روپے ہے، ملزم نے پراپرٹی اپنے بھائی کے نام پر خریدی تھی۔
پشاور سے مزید