پشاور (نیوز رپورٹر) پشاور کی خصوصی احتساب عدالت نے اپر کوہستان کرپشن سکینڈل میں گرفتار ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں پانچ دن کی توسیع کرتے ہوئے نیب کے حوالے کردیا ۔گزشتہ روز ملزم عبد الباسط کو احتساب عدالت کے جج حامد مغل کے سامنے میں پیش کیا گیا۔اس موقع پرنیب کےسپیشل پراسیکیوٹر حبیب اللہ بیگ اور تفتیشی آفیسر عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے عدالت کو بتایا کہ ملزم عبد الباسط سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کوہستان میں جونیئر کلرک تھا جو مرکزی ملزم قیصر اقبال کا فرنٹ مین تھا اور اس کے ذریعے مرکزی ملزم نے مختلف اکاؤنٹس میں 700 ملین روپے کی ٹرانزیکشن کی ہے ۔ملزم کے قبضے سکینڈل سے متعلق دستاویزات اور دیگر ریکارڈ بھی برآمد ہوا ہے جبکہ ملزم کے گھر سے بھاری مالیت کا سونا ، مہنگی گاڑیاں اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم نے تفتیش کے دوران مزید انکشافات کئے تا ہم تفتیش مکمل نہیں ہوئی ہے لہذا جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی جائے ، عدالت نے تفتیشی آفیسر کی استدعا منظور کر لی اور ملزم کی جسمانی ریمانڈ میں مزید پانچ دن کی توسیع کردی ۔