پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور یونیورسٹی کے 9شعبوں میں کم داخلوں کے باعث انڈر گریجویٹ (بی ایس) پروگرام بند کر دیا گیا، داخلہ لینے والے طلبہ کو دوسرے پروگرامز میں داخلہ دیا جائے گا۔ ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمشن کے مراسلے کے مطابق یونیورسٹی ریگولیشنز کے تحت جن پروگرامز میں 15سے داخلے کم ہوں گے انہیں شروع نہیں کیا جائے گا۔ خزاں 2025ء کے جو پروگرام بند کئے گئے ہیں ان میں بی ایس ڈویلپمنٹ سٹڈیز، بی ایس جغرافیہ، بی ایس جیالوجی، بی ایس تاریخ، بی ایس سوشل انتھراپالوجی، بی ایس شماریات، بی ایس لاجسٹکس اینڈ سپلائی چین اینالٹکس، بی ایس ہیومن ڈویلپمنٹ اینڈ فیملی سٹڈیز اور بی ایس ہوم اکنامکس شامل ہیں، ان پروگرامز میں علی الترتیب، دو، تین، 14، تین،پانچ، سات، دو، ایک اور دو طلبہ نے داخلہ لیا تھا۔ متعلقہ شعبوں کے سربراہان کو اس سلسلے میں تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔