پشاور(کرائمرپورٹر)تھانہ پہاڑی پورہ کے علاقے میں دن دیہاڑے نجی میڈیسن کمپنی کے منیجرسے 62لاکھ سے زائد کی رقم چھین کر فرار ہوگئے۔ تھانہ پہاڑی پورہ پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے مدعی قیصر خورشید ساکن شاہ قبول کالونی نے بتایاکہ وہ خالد میڈیسن کمپنی واقع بلال ٹاون میں بطور منیجر کام کرتا ہے ، گزشتہ روز وہ کمپنی کی 62لاکھ 42ہزار روپے کی رقم لیکر بلال ٹاون بالمقابل گلبہار پولیس اسٹیشن نجی بینک میں جمع کرنے کیلئے جارہا تھا، وہ کمپنی کی سوزوکی میں تھا جبکہ عابد حسن گاڑی چلا رہا تھا، اس دوران پونے 12بجے لطیف فروٹ دکان کے سامنے سروس روڈ پر موٹرسائیکل پر نامعلوم شخص ان کی گاڑی کے ساتھ آکر کھڑہوگئے دوسرے شخص نے گاڑی کا دروازکھولا اور پستول نکال کرتھیلی میں پڑی کمپنی کی رقم ان سے زبردستی چھین لی اور موٹرسائیکل پرحاجی کیمپ کی طرف فرار ہوگئے ۔مدعی کے مطابق موٹرسائیکل سوار نے نجی کمپنی کا ہیلمٹ پہن رکھا تھا جبکہ دوسرے شخص نے سر پر رومال باندھ رکھا تھا ۔پولیس نے راہزنی کا مقدمہ درج کرکے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی چھان بین شروع کردی ہے ۔