پشاور (نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے چارسدہ میں کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان کے نام پر نجی سکول کو سیل کرنے کے خلاف دائر رٹ پر سکول کی بندش کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے سکول کو ڈی سیل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔جسٹس محمد نعیم انور اور جسٹس فرح جمشید کی جانب سے جاری تحریری حکم کے مطابق صوبائی حکومت اور دیگر متعلقہ فریقین سے 14 دن میں جواب جمع کریں۔ تحریری حکمنامہ کے مطابق درخواست گزار چارسدہ عمرزئی حاجی آباد میں ایک نجی سکول کا پرنسپل ہے، درخواست گزار کے مطابق سکول کو محمد شفیق آمینی کی ٹی ایل پی سے تعلق کے پاداش میں سیل کیا ہے۔درخواست گزار کے مطابق مذکورہ سکول میں 1300 بچے زیر تعلیم ہیں اور وہ وہاں پر پرنسپل ہے۔درخواست گزار وکیل کے مطابق سکول کو بغیر کسی تحریری احکامات کے سیل کیا گیا ہے سکول کی بندش سے بچے تعلیم سے محروم ہوگئے ہیں، سکول کی بندش آئین کے آرٹیکل 10 اے کے خلاف ہے کیونکہ اپنی صفائی کا موقع نہیں دیا گیا اور سکول کو سیل کرکے ہزاروں طلباء کا مستقبل داو پر لگ گیا۔جو درست نہیں ۔عدالت نے سکول کو ڈی سیل کرنے کے احکامات جاری کردیئے اور متعلقہ حکام سے 14 روز میں جواب طلب کرلیا۔