پشاور ( لیڈی رپورٹر)لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے شہر کا نقشہ بگاڑنے والے عناصر کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے پیر کے روز چیف پلاننگ کنٹرول آفیسر ایسٹ زون ایثار احمد نے سٹی سرکلر روڈ،نشتر آباد، ڈبگری روڈ،نمک منڈی، گلبہار،ورسک روڈ،دلہ زاک روڈ اور دیگر علاقوں کے دورے کئے اور مذکورہ علاقوں میں جاری کمرشل و رہائشی تعمیرات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔بلڈنگ بائی لاز 2024 کے مطابق تعمیرات نہ ہونے اور بعض جگہوں پر غیر قانونی تعمیرات پر متعلقہ اسسٹنٹ و پلاننگ کنٹرول انسپکٹرز کی سرزنش کرتے ہوئے معطل کر دیئے گئے جبکہ غیر قانونی تعمیرات بند کرکے متعلقہ افراد کیخلاف مقدمات درج کرنے کیلئے تھانوں کا مراسلہ ارسال کر دیئے گئے ،انکے ہمراہ چیف پلاننگ کنٹرول انسپکٹر عدنان احمد بھی موجود تھے۔ ایثار احمد نے تمام اسسٹنٹ و پلاننگ انسپکٹرز کو تبدیل کرتے ہوئے انہیں تنبیہ کی کہ اگر غیر قانونی تعمیرات کی اجازت کسی صورت قبول نہیں کی جائیگی اور یہ کہ اندرون شہر فصیل کو نقصان پہنچانے والے عناصر کی نشاندہی کرکے انکے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی کیونکہ فصیل شہر ہمارے پشاور کی اول پہچان اور آثار قدیمہ ہے جسے کسی صورت ختم نہیں ہونے دینگے