پشاور (جنگ نیوز)ایڈوائزر وفا قی ٹیکس محتسب سردار علی خواجہ نے نوشہرہ ٹیکس بار ایسوسی ایشن اور چیمبرآف کامرس انڈسٹری کی دعوت پر "ٹیکس گزارں کے حقوق" کے موضوع پر منعقدہ اجلاس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے واضح کیاکہ ٹیکس پیرز ملکی معیشت میں انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ان کے حقوق کا بھرپور تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ معاشروں میں ٹیکس گزاروں کو بھرپور عزت دی جاتی ہے اور ان سے حاصل کردہ ٹیکس کے پیسے کو ریاست کے فلاح و بہبود کے لیے استعمال میں لایا جاتا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان میں بھی ٹیکس پیرز کو وہی عزت دی جائے۔تاکہ ریاست اور قانون پر ان کے اعتماد میں اضافہ ہو۔ قبل ازیں چیمبرآف کامرس انڈسٹری نوشہرہ کے صدر کفایت اللہ اور جنرل سیکرٹری فخر عالم خان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نوشہرہ کے صدر منیب احمد اور مردان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدرجاوید حسین نے اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے درپیش مسائل کا ذکر کیا اور ٹیکس گزاروں کے مسائل کے حل کے لیے وفا قی ٹیکس محتسب ڈاکٹرآصف محمود جاہ (ستارہ امتیاز، ہلالِ امتیاز) اور ایڈوائزر سردار علی خواجہ کے کردار کو سراہا اور مطالبہ کیا کہ ایف بی ار کی جانب سے بروقت ریفنڈزجاری نہ کرنے پر اُنہیں ہدایت جاری کی جائیں۔ تاکہ ٹیکس گزاروں کا اعتماد بحال ہو اور وہ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں۔