کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے صدر سید عبدالقیوم آغا نے 18 نومبر کو کوئٹہ میں آل بلوچستان تاجر کنونشن اور صوبائی کونسل کا اجلاس منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اجلاس میں کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر کے تنظیمی انتخابات کے ذریعے عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا یہ بات انہوں نے منگل کو امیر حمزہ، جبار خان خلجی ، یاسین آغا سمیت دیگر عہدیداروں کے ہمراہ اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی اس موقع پرحاجی محمد یوسف ، سید فیض اللہ آغا ، صدیق یوسفزئی ، سیف الدین نثار ، کاشف حیدری ، احسان الدین خلجی سمیت دیگر موجود تھے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر کے تاجروں کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں جناح روڈ، قندھاری بازار، عبدالستار روڈ، لیاقت بازار، مسجد روڈ اور دیگر کاروباری مراکز میں پارکنگ کی پابندی کی وجہ سے مارکیٹیں سنسان اور تاجروں کا کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان ان ناروا اقدامات ، غیرقانونی گرفتاریوں، کاروبار میں رکاوٹ اور بارڈر بندش کے خلاف احتجاج کرے گی 18نومبر 2025ء آل بلوچستان تاجر کنونشن اور صوبائی کونسل کا اجلاس کوئٹہ میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں نومنتخب عہدیداران اور آل بلوچستان موبائل فون ڈیلر ایسوسی ایشن کی حلف برداری بھی ہوگی۔