اسلام آباد(افضل بٹ)ن لیگ آزادکشمیر کے صدرشاہ غلام قادر اور سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے بھی تحریک عدم اعتماد پر دستخط کر دیئے ہیں ‘وزیر اعظم آزاد کشمیرچوہدری انوارالحق کیخلاف تحریک عدم اعتماد کا ہدف (36) ارکان اسمبلی تک پہنچ گیا ہے ‘پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد پہلے ہی (27) تک پہنچ چکی تھی اور (ن) لیگ کے (9) ارکان اسمبلی کو ملا کر یہ تعداد (36) ہو گئی ہے تاہم منگل کے روز تحریک عدم اعتماد جمع نہیں کرائی جا سکی۔ گزشتہ روز آزاد کشمیر پیپلز پارٹی و مسلم لیگ ن کی قیادت کا اجلاس بھی ہوا جس میںمستقبل کے سیاسی نقشے اور پاور شیئرنگ فارمولے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ دریں اثنا آزاد کشمیر کے عبوری ایکٹ کے مطابق وزیر اعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں ہی نامزد وزیر اعظم کا نام درج ہوتا ہے جس کے مطابق وزیراعظم انوار الحق کیخلاف کاسٹ ہونے والا ووٹ ہی پیپلز پارٹی کے نامزد وزیر اعظم کے حق میں بھی شمار کیا جائے گا۔