اسلام آباد( رپورٹ حنیف خالد )اختتام ہفتہ امریکا سے جرمنی جانے والی پرواز میں ایک بھارتی شہری نے دوران پرواز دو کم عمر لڑکوں کو کانٹے سے زخمی کر دیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق بھارتی شہری نے عملے کے ایک رکن کو اور ایک خاتون مسافر کو تھپڑ مارنے کی بھی کوشش کی جس کے بعد طیارے کو ہنگامی طور پر بوسٹن میں اتارنا پڑا۔امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے مطابق واقعہ ہفتے کے روز شکاگو سے روانہ ہونے والی پرواز میں پیش آیا۔ پرواز میں کھانا دیے جانے کے بعدایک 17 سالہ لڑکا سو رہا تھا کہ اچانک اس کی آنکھ کھلی اور اس نے دیکھا کہ ملزم پرنیت کمار اس کے اوپر جھکا ہوا ہے، اس دوران ملزم نے لڑکےکے بائیں کندھے پر دھات کے کانٹے سے وار کیا۔