• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈی جی ہیلتھ کا موبائل اور پبلک ہیلتھ لیبارٹری کا دورہ ، کارکردگی بارے بریفنگ دی گئی

پشاور (خصوصی نامہ نگار) ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا ڈاکٹر شاہد یونس نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو)پشاور کی موبائل اور پبلک ہیلتھ لیبارٹری کا دورہ کیا ۔واضح رہے کہ کے ایم یو موبائل لیب سیلاب سے متاثرہ پیر بابا، ضلع بونیر میں 62 روز تک متعدی امراض کی تشخیص اور نگرانی کے لئے تعینات رہی۔ دورے کے دوران ڈاکٹر یاسر یوسفزئی، ڈائریکٹر صوبائی پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری نے ڈی جی ہیلتھ کو موبائل لیبارٹری کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بونیر میں لیبارٹری نے 10 ہزار سے زائد تشخیصی ٹیسٹ کئے جن سے وائرل اور بیکٹیریل بیماریوں کی بروقت نشاندہی اور سیلاب کے بعد وبائی امراض پر قابو پانے میں مدد ملی۔ موبائل لیبارٹری نے ضلع بونیر کی ضلعی محکمہ صحت انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی اشتراک سے خدمات انجام دیں۔ ڈاکٹر شاہد یونس نے کے ایم یو اور پی پی ایچ آر ایل کی ٹیموں کی کاؤشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اداروں نے صوبے میں عوامی صحت کے نظام کو مستحکم بنانے میں مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے موبائل لیبارٹری ٹیکنالوجی کے جدید استعمال کو سراہا جس سے صوبے کے دور دراز علاقوں میں تشخیصی سہولیات کی فراہمی اور امراض کی نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملی۔ مزید برآں، ڈی جی ہیلتھ نے کے ایم یو میں واقع صوبائی پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں وفاقی انٹیگریٹڈ ڈیزیز سرویلنس اینڈ ریسپانس سسٹم کے تحت فراہم کی گئی جدید تشخیصی مشینری اور نیٹ ورک سپورٹ حوالے کی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر علی الرحمن، پراجیکٹ ڈائر یکٹرآئی ڈی ایس آر ایس نے جدید لیبارٹری آلات باقاعدہ طور پر ڈائریکٹرپی پی ایچ آر ایل خیبرپختونخوا کے حوالے کئے۔ یہ اقدام صوبائی لیبارٹری کی تشخیصی صلاحیت کو مزید بہتر بنانے اور متعدی امراض کی بروقت نشاندہی و رپورٹنگ کے نظام کو مستحکم کرنےکیلئے اٹھایا گیا ہے۔
پشاور سے مزید