• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، مختلف واقعات میں BRT ملازم سمیت پانچ افراد قتل، ایک زخمی

پشاور(کرائمرپورٹر)پشاور کے مختلف علاقوں میں مختلف فائرنگ واقعات میں بی آرٹی ملازم سمیت پانچ افراد کو قتل کردیا گیا جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا ہے، بی آرٹی ملازم کی عنقریب شادی طے تھی جس سے خوشیوں والا گھر ماتم کدے میں تبدیل ہوگیا جبکہ جاں بحق افراد میں راہزنی اور چوری وارداتوں میں ملوث ملزم بھی شامل ہے جسے نامعلوم افراد نے نشانہ بنایاہے۔ واقعات کے مطابق تھانہ چمکنی پولیس کو عدنان ولد اختر گل ساکن میرہ کچوڑی نے بتایاکہ اس کا بھائی عاصم خان بعمر24سال بی آرٹی میں ملازم تھا، وہ ڈیوٹی کے بعد واپس گھر آرہا تھا اس دوران ملنگ کوی دریاب غاڑہ میرہ کچوڑی کے مقام پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا اور فرا ر ہوگئے،خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ راہزنی کی واردات ہوسکتی ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے پاس رقم اور موبائل فون موجود تھا۔ مقتول عاصم کی 16نومبر کو شادی تھی اور تمام انتظامات بھی مکمل تھے، اس کی ناگہانی موت سے خوشیوں والا گھر ماتم کدے میں تبدیل ہوگیا ہے۔ اسی طرح تھانہ سربند کے پولیس اہلکار وجاہت خان کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق لنڈی اخون احمد کے علاقے سے ایک شخص کی قتل شدہ نعش برآمد کی گئی ہے جس کی عمر تقریبا 45یا46سال تھی جسے نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا ہے۔ مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی جبکہ تھانہ مچنی گیٹ پولیس کو مدعی جہانزیب ولد جاوید سکنہ شگی ہندکیان نے بتایاکہ 2نومبر کو اس کے بھائی وقار کی شادی طے ہے جس کیلئے فواد ولد جعفر بعمر 10/12 سال سکنہ شگی ہندکیان اورسکندر ولد محمد یاسین بعمر 17 سال سکنہ لاہورمہمان کے طور پر آئے تھے، وہ ان دونوں مہمانوں کے ہمراہ شگئی ہندکیان میں وقار کے گھر کے سامنے کھڑے تھے اس دوران ملزمان ملوک عرف ملوکے اور شیر عالم ساکنان شگی ہندکیان نے آکر ان پرفائرنگ کردی جس سے دونوں مہمان لگ کر زخمی ہوگئے تاہم فواد کو ہسپتال لیجاتے ہوئے وہ راستے میں دم توڑ گیا۔ انہوں نے بتایاکہ وجہ عناد معلوم نہیں ہے۔ ادھر تھانہ تہکال پولیس کو طارق شاہ ولد ماصل خان سکنہ حسن زئی تہکال بالانے بتایاکہ باچیانو چوک حسن زئی تہکال بالا میں اس کے چچازاد صدام خان ولد جہانزیب خان بعمر 34/36 سال سکنہ حسن زئی تہکال بالا کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا ہے۔ ان کی کسی کیساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول صدام پر راہزنی اورچوری کے الزامات بھی تھے اور وہ راہزنی اور موٹرسائیکل لفٹنگ کی متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ پولیس نے تمام کیسز کے مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ تھانہ متنی کی حدود سے ایک ہفتہ قبل لاپتہ ہونے والے حمزہ ولد ریاض کی لاش ملی ہے۔
پشاور سے مزید