پشاور (جنگ نیوز) کمراٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام اور وادی میں سیاحتی فروغ کے حوالے سے جائزہ اجلاس محکمہ سیاحت، ثقافت و آثارِ قدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین بورڈ نصر اللہ خان، ڈائریکٹر کمراٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی زمین خان، ممبر قومی اسمبلی صاحب زادہ صبغت اللہ اور مقامی رکنِ صوبائی اسمبلی ملک گل ابرہیم خان نے شرکت کی جبکہ محکمہ سیاحت سے سیکرٹری ڈاکٹر عبدالصمد نے و دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں ڈائریکٹر کمراٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے اتھارٹی کی اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اتھارٹی کو درپیش انتظامی و تکنیکی مسائل کے حل کے لیے عملے کی بھرتی، دفتر کے قیام کے لیے موزوں جگہ کی نشاندہی، اور حالیہ سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے اقدامات زیرِ غور ہیں۔