اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بننے پر مبارکباد اور وفاق کی جانب سے بھرپور تعاون کی دوبارہ پیشکش کی، آئیں ملکر دہشت گردی کا خاتمہ کریں، مجھے امید ہے کہ سہیل آفریدی اس پیشکش کو قبول کرینگے، خیبرپختونخوا سمیت تمام صوبوں سے ملکر کام کرنے کی اپیل کرتا ہوں، ہمیں امن و اتحاد کا ثبوت دینا چاہیے، سیاست کریں لیکن ملک کی ترقی کیلئے ایک رہیں، بھارت کو واضح شکست دی، فیلڈ مارشل کی قیادت میں فوج نے بہادری کی داستان لکھ دی، صدر ٹرمپ نے جنگ بندی کرائی، تاریخ انہیں سنہرے حروف میں یاد رکھے گی، چترال کے عوام محدود تعلیمی سہولیات کے باوجود تعلیم یافتہ اور مہذب ہیں، مجھے کسی نے چترال میں دانش اسکول کا نہیں کہا، یہ میرا تحفہ ہے۔ آج چترال کے عوام کو ان کا حق دینے آیا ہوں، دانش اسکول سے ہونہار بچوں کو بہترین تعلیمی مواقع مفت میسر آئیں گے۔ وہ جمعہ کو چترال میں دانش اسکول کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر وزیر اعظم نے گیس پلانٹ نصب کرنے، اپر چترال کیلئے بجلی کے ٹیرف کا مسئلہ حل کرنے، یونیورسٹی، ہسپتال قائم کرنے اور سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کا اعلان کیا۔ ا س موقع پر وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ ، انجینئر امیر مقام اور اعلیٰ وفاقی و صوبائی حکام بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دانش اسکول سے ہونہار بچوں کو بہترین ، جدید اور مفت تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی، یہ کسی پر احسان نہیں، ریاست کا فریضہ ہے، دانش سکولز میں ایچی سن کے معیار کی تعلیم فراہم کی جارہی ہے ، آئندہ سال چترال میں دانش سکول کا افتتاح ہوگا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ روز طلبہ کیلئے میرٹ پر ایک لاکھ لیپ ٹاپ فراہم کرنے کی اسکیم کا اجراء کیا ہے، یہ لیپ ٹاپ چترال کے ہونہار طلباء کو بھی ملیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور نوجوان افرادی قوت کی صورت میں قیمتی سرمائے سے مالامال ہے ، انہیں تعلیم و ہنر فراہم کرکے ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے بروئے کار لائینگے ۔