کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں ترکیہ کے 102 ویں یوم جمہوریہ کی یاد میں خاص تقریب کا انعقاد کیاگیا، اس موقع پر ترکیہ کے قونصل جنرل ارگل کادک، اور دیگر اہم عہدیداروں نے شرکت کی جنہیں وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی، اور ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمود احمد خان نے خوش آمدید کہا،اپنے خیرمقدمی خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے کہا کہ ترکیہ مشرق اور مغرب کے درمیان ایک پل کی حیثیت رکھتا ہے، جو روایت اور جدیدیت کو ہم آہنگ کرتا ہے، انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات مشترکہ تاریخ اور باہمی احترام پر قائم ہیں، پروفیسر ڈاکٹر قاضی نے کراچی میٹروپولیٹن ہیونیورسٹی کی جانب سے ترکیہ کے اداروں کے ساتھ تعلیمی اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا، تقریب میں پاکستان-ترکیہ دوستی کے رنگوں کی بھرپور نمائش کی گئی، جہاں طلبا نے فن کے ذریعے اس رشتے کی اہمیت کو اجاگر کیا، قونصل جنرل کادک نے کہا کہ یہ دن صرف ترکیہ کے یوم جمہوریہ کا جشن نہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان گہری دوستی کی علامت بھی ہے۔