اسلام آباد (این این آئی) امریکا کے کریٹیکل منرلز فورم کے صدر رابرٹ لوئیس سٹرئیر نے وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے ملاقات کی جس میں پاکستان کے معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام کی مضبوط بنیاد کے رکھے جانے سے مجموعی کاروباری فضا بہتر ہوئی ہے ، عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے سے مثبت اشارے ملے ہیں۔ ملاقات میں پاکستان میں امریکا کی ناظم الامور نیٹلی بیکر اور وزارتِ خزانہ و متعلقہ اداروں کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔وزیر خزانہ نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ، استحکام اور تحفظ کے لیے پائیدار پالیسیوں اور مالی نظم و ضبط کو قائم رکھناحکومت کی اولین ترجیح قرار دیا۔ویر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے معیشت میں گہری ڈھانچہ جاتی اصلاحات شروع کی ہیں، جن میں بجلی کے شعبے کی تنظیمِ نو، ٹیکس نظام میں بہتری، ٹیکس نیٹ کی توسیع، اور مالیاتی استحکام کے لیے جامع روڈمیپ شامل ہے۔