• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اشرف کریم ڈھیڈی کیس ضمانت درخواست مسترد، مزید متاثرین کا نیب سے رجوع

اسلام آباد (رپورٹ حنیف خالد)اشرف کریم ڈھیڈی کیس میں اہم پیشرفت؛ ضمانت کی درخواست مسترد، مزید متاثرین کانیب سے رجوعنیب حکام کے مطابق تحقیقات فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور عوام کی لوٹی گئی رقوم کی واگزاری کے لیے ہر ممکن قانونی اقدام اٹھا رہے ہیں ۔اشرف ذھیذی کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اشرف کریم ڈھیڈی خود کو بے قصور سمجھتے ہیں اور قانونی فورمز پر اپنا مؤقف پیش کر رہے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ منصوبوں میں تاخیر کاروباری حالات کے باعث ہوئی، تاہم وہ تحقیقات میں مکمل تعاون کر رہے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) اسلام آباد / راولپنڈی نے معروف کاروباری شخصیت اشرف کریم ڈھیڈی کو لوگوں سے خطیر رقوم ہتھیانے اور غیر قانونی ذرائع سے اثاثے بنانے کے الزامات پر 3اکتوبر 2025کو گرفتار کیا تھا۔ذرائع کے مطابق، دورانِ تفتیش نیب کو ایسے ٹھوس شواہد ملے جن سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ ملزم نے عوام سے حاصل شدہ رقوم سے اسلام آباد کے پوش علاقوں میں قیمتی جائیدادیں خریدیں، جب کہ بھاری رقوم بیرونِ ملک اثاثے بنانے کے لیے منتقل کی گئیں۔احتساب عدالت اسلام آباد نے ملزم کو ابتدائی طور پر 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا ، جس کے بعد اسے جوڈیشل حراست میں جیل منتقل کر دیا ۔ عدالت نے 31 اکتوبر کو اشرف کریم ڈھیڈی کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کے بعد منی لانڈرنگ سے متعلق استغاثہ کے دلائل اور شواہد کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزم کی درخواست مسترد کر دی۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ اشرف کریم ڈھیڈی کی گرفتاری کے بعد درجنوں مزید متاثرین روزانہ کی بنیاد پر نیب سے رجوع کر رہے ہیں ،اور یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ انہوں نے ’’فورچون ایمپائر‘‘ اور ’’فورچون ریزیڈنسی‘‘ منصوبوں میں سرمایہ کاری کی تھی جو تا حال مکمل نہیں ہوئے اور ان کی جمع پونجی واپس نہیں کی گئی۔ نیب حکام کے مطابق تحقیقات فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں اور ادارہ عوام کی لوٹی گئی رقوم کی واگزاری کے لیے ہر ممکن قانونی اقدام اٹھا رہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید