اسلام آباد (صالح ظافر) جرمن سفیر اینا روتھ لوئیز لیپل اسلام آباد میں تعینات پہلی سفیر بن گئیں جنہوں نے جمعہ کو خیبر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے ملاقات کی۔ وہ اس ملاقات کے لیے پشاور گئی تھیں جو شہر میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوئی۔ انہوں نے جنگ کے اس سوال کا جواب دینے سے انکار کر دیا جو وزیراعلیٰ آفریدی کے بارے میں تھا، کیونکہ وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت کے رویے کے بارے میں شکایت کی تھی۔ انہوں نے جمعہ کی دیر شام گئے جواب دیا کہ ʼایسے موضوعات سفارتی راز ہوتے ہیں جنہیں افشاء نہیں کیا جا سکتا۔ یہ ملاقات اُسی دن ہوئی جب صوبائی کابینہ نے اُس شہر میں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ سفیر کے ہمراہ اسلام آباد میں تعینات جرمن سفارت خانے کے فرسٹ سیکرٹری، جان جیرالڈ کراؤسر بھی تھے۔ وزیراعلیٰ نے مسلسل شراکت داری پر سفیر کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ کے پی حکومت ایک مستقبل پر مبنی ترقیاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے جو لچک، اقتصادی بحالی اور ادارتی اصلاحات پر مرکوز ہے۔انہوں نے نوٹ کیا کہ اگرچہ حالیہ برسوں میں صوبے کو قدرتی اور سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا رہا ہے، لیکن حکومت لچک اور اصلاحات کے ساتھ آگے بڑھتی رہی ہے۔