کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نےکہاہے کہ پاکستان اور ترکی کے مابین تعلقات نہایت مستحکم ہیں تعلیمی و ثقافتی روابط علاقائی ترقی، باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ان خیالات کااظہارانہوں نے جامعہ بلوچستان میں ترکی کے یومِ آزادی کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطا ب کر تے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جامعہ بلوچستان ترک جامعات کے ساتھ تعلیمی اشتراک، فیکلٹی تبادلے اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں کے ذریعے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے پاکستان اور ترکیہ کے مابین گہرے سماجی روابط ان دونوں ملکوں کو ایک ایسے بندھن میں باندھتے ہیں جس نے انہیں کاروباری اور دفاعی و تزویراتی حوالے سے بھی ایک دوسرے کے قریب کردیا ہے اسی طرح ثقافتی اور تعلیمی رابطوں سے بھی دونوں ملکوں کے تعلقات کو فروغ مل رہا ہے انہوں نے کہاکہ یہ ایک خوش آئند امر ہے کہ ترکیہ کی حکومت پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے ایسے ادارے قائم کر رہی ہے جو دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کے لیے ممد و معاون ثابت ہوں گے۔