جیو پر آج دیکھیں ”پاکستان آئیڈل“ کی 10 ویں قسط افتخار عارف کی شاعری اور زندگی!! ”ہنسنا منع ہے“ سیف علی خان کے قہقہے ”جاپانی ایکسپو“ میں ”ایک دِن جیو کیساتھ“
کراچی (جنگ نیوز) ”پاکستان آئیڈل“ میں تھیٹر راؤنڈ کیلئے 10ویں قسط اتوار کو پیش کی جائے گی جس میں کچھ گلوکار اپنی غیر معمولی کارکردگی سے ججز کے دل جیتنے میں کامیاب ہوں گے اور کچھ کیلئے یہ مرحلہ اختتام ثابت ہو گا۔ راحت فتح علی خان، فواد خان، بلال مقصود اور زیب بنگش کی موجودگی میں گائیکی کا معیار مزید بلند ہو چکا ہے۔ نیا جذبہ، نیا جنون اور نیا میوزک ”پاکستان آئیڈل“ ناظرین رات 8بجے سب سے پہلے جیو ٹی وی پر دیکھ سکیں گے۔ ٭معروف شاعر افتخار عارف کی زندگی، فن اور ادبی خدمات پر مبنی خصوصی پروگرام ”افتخار عارف کی شاعری اور زندگی“ کے عنوان سے اتوار کی دوپہر 4بجے نشر کیا جائے گا۔ ٭پاکستان کے نامور اداکار سیف علی خان نے ”ہنسنا منع ہے“ میں اپنی پرفارمنس اور گفتگو سے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔ سیف علی خان نے پشتو اور اردو گیت گائے۔ میزبان تابش ہاشمی کے طنز و مزاح سے بھرپور شو رات11بج کر 5منٹ پر نشرکیا جائے گا۔٭”ایک دِن جیو کے ساتھ“ میں اوساکا (جاپان) ایکسپو کا احوال پیش کیا جائے گا۔