• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حنیف عباسی کی نمل یونیورسٹی کے ریکٹر سے ملاقات ،مارگلہ ریلوے سٹیشن کے حوالے سے گفتگو

اسلام آباد( نامہ نگار) وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (NUML) کے ریکٹر شاہد محمود کیانی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مارگلہ ریلوے اسٹیشن کے امکانات اور اس کے گردونواح میں آئندہ ممکنہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیرِ ریلوے نے واضح کیا کہ مارگلہ اسٹیشن کو ایک جدید، عوامی اور کاروباری مرکز کے طور پر ترتیب دینے کی منصوبہ بندی جاری ہے، جس میں ماڈل ریسٹورنٹس، تزئین و آرائش، بہتر عوامی سہولیات اور ماڈل فوڈ اسٹریٹ شامل ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد نہ صرف عملی سہولتیں مہیا کرنا ہے بلکہ مقامی کمیونٹی اور تعلیمی اداروں خصوصاً NUML کے طلبہ و طالبات کو بھی براہِ راست اجتماعی فوائد سے مستفید کرنا ہے۔ ملاقات کے دوران وزیرِ ریلوے نے پاکستان ریلوے کی جدید کاری اور ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ وزارت نے آن لائن بکنگ، ای-ٹکٹنگ اور ریزرویشن سسٹمز کی توسیع کے ساتھ ساتھ اسٹیشنز پر فری وائی فائی، ڈیجیٹل سائن ایج، الیکٹرانک انفارمیشن ڈسپلے اور جدید سی سی ٹی وی و سیکیورٹی اپ گریڈیشن جیسے اقدامات تیز کر دیے ہیں تاکہ مسافروں کو محفوظ، شفاف اور آرام دہ سفر مہیا کیا جا سکے۔۔مزید انہوں نے مؤقف ظاہر کیا کہ مارگلہ اسٹیشن پر منصوبہ بند ماڈل فوڈ اسٹریٹ اور دیگر سہولیات NUML کے طلبہ اور قریبی آبادی دونوں کے لیے انتہائی فائدہ مند ہوں گی۔
اسلام آباد سے مزید