اسلام آباد(جنگ رپورٹر)اسلام آباد بار کونسل انتخابات کے غیر حتمی نتائج کے مطابق حکومت کے حمایت یافتہ امیدواروں میں کل پانچ میں سے چار نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی جبکہ پروفیشنل گروپ نے ایک نشست حاصل کی ،غیر سرکاری نتائج کے مطابق حکومت کے حمایت یافتہ امیدوار، راجہ علیم عباسی، آصف عرفان، عبدالرحمن حر باجوہ اور ظفر کھوکھر جبکہ پروفیشنل گروپ کے چوہدری حفیظ اللہ یعقوب کامیاب قرارپائے ،تفصیلات کے مطابق اسلام آباد بار کونسل کی پانچ نشستوں پر کل 21 امیدواروں نے انتخابات میں حصہ لیا، سب سے زیادہ ووٹ لینے والے پہلے پانچ امیدوار کامیاب قرار پائے ، غیر حتمی و غیر سرکاری جیت پر حامیوں نے کچہری کے احاطہ میں زبردست جشن منایا، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور نعرے بازی کی ، پولنگ کے دوران وکلا ء کی بڑی تعداد نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا، انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ، یہ ضلع کچہری اسلام آباد میں انتخابات کے دوران ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایسٹ اور ویسٹ نے بطور پریزائڈنگ آفیسرز ذمہ دارایاں ادا کیں ،20 ججوں کو 20 مختلف پولنگ سٹیشنوں پر ریٹرنگ آفیسرز مقرر کیا گیا ، پولنگ کا عمل ایک گھنٹہ کے وقفے کے ساتھ صبح 9 بجے سے شام4 بجے تک جاری رہا اورکسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔