اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ صحافت ریاست کا ایک اہم ستون اور جمہوریت کا بنیادی جزو ہے، ہر سال دنیا بھر میں صحافیوں کو اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران تشدد، دھمکیوں اور ظلم و جبر کا سامنا کرنا پڑتا ہے، متعدد صحافی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں ،جمہوری اور انصاف پسند معاشرے کی تشکیل کے لیے صحافیوں کے خلاف ہونے والے جرائم کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر کیا، انہوں نے غزہ، فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں صحافیوں پر ہونے والے مظالم اور ان کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی قابض افواج اور بھارتی مسلح افواج کی جانب سے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو نشانہ بنانا انسانی حقوق، بین الاقوامی قوانین اور آزادی صحافت کی صریح خلاف ورزی ہے،اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو غزہ اور بھارتی مقبوضہ کشمیر میں صحافیوں کے خلاف ہونے والی ریاستی دہشتگردی اور جرائم کا فوری نوٹس لینا چاہیے، ایسے اقدامات نہ صرف آزادیٔ اظہار کو دبانے کی کوشش ہیں بلکہ حقائق کو دنیا سے چھپانے کے مترادف ہیں ایاز صادق نے مزید کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے ہمیشہ آزادیٔ صحافت، اظہار رائے اور صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں بھرپور کردار ادا کیا ہے ’رائٹ آف ایکسیس ٹو انفارمیشن ایکٹ 2017‘ پارلیمان اور حکومتِ پاکستان کے اس عزم کا مظہر ہے کہ شہریوں بالخصوص صحافی برادری کو قانون سازی اور حکومتی امور سے متعلق معلومات تک رسائی حاصل ہو۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمان آزادیٔ صحافت، شفاف طرزِ حکمرانی اور معلومات تک عوامی رسائی پر یقین رکھتی ہے۔