• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر مملکت کی امیر قطر سے ملاقات، پاک سعودی معاہدہ خوش آئند قرار

دوحہ (اے پی پی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے دوحہ میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔ امیر قطر نے پاکستان اور سعودی عرب کے حالیہ دفاعی معاہدے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خوش آئند اور بروقت اقدام ہے جو پہلے ہونا چاہیے تھا۔ علاوہ ازیں صدر زرداری نے چین کے نائب صدر سے بھی ملاقات اور سی پیک کے کامیاب نفاذ سمیت ہر مشکل گھڑی میں تعاون پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق صدر زرداری نے دوحہ میں قطر کے امیر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر امیر قطر نے کہا کہ قطر کو پاکستان اور اسکی کامیابیوں پر فخر ہے۔ امیر قطر نے پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعریف کی اور انکی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے امیر قطر کو حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچاتے ہوئے قطر کی شاندار ترقی اور امیر کی دور اندیش قیادت کو سراہا۔صدر مملکت نے مکالمے اور انسانی سفارتکاری کے ایک مرکز کے طور پر قطر کے بڑھتے ہوئے عالمی کردار کی تعریف کی اور غزہ کے لوگوں کیلئے جنگ بندی اور انسانی امداد کی وکالت کرنے میں امیر قطر کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔
اہم خبریں سے مزید