کراچی(فاروق اقدس/مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا ہےکہ پاک بھارت جنگ میں 7طیارے مار گرائے ، آٹھواں بری طرح تباہ ہوا، دونوں میں جنگ بندی میری ثالثی سے ہوئی،میں نے کہا بات کریں، اگلے دن اطلاع ملی امن ہو گیا۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک ،بھارت حالیہ جھڑپ میں گرائے گئے طیاروں کی تعداد ایک بار پھر تبدیل کر دی۔ انہوں نے کہا کہ جھڑپ میں سات نہیں بلکہ آٹھ طیارے مار گرائے گئے، آٹھ ماہ میں آٹھ جنگیں ختم کیں، جن میں کوسووو اور سربیا، کانگو اور روانڈ،اور پاکستان و بھارت کی جنگیں شامل ہیں۔ٹرمپ نے بدھ کی شب میامی میں امریکی بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مئی میں ہونے والی تین روزہ لڑائی کے دوران عملاً آٹھ طیارے مار گرائے گئے۔انہوں نے کہاکہ میری دونوں ممالک کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات چیت چل رہی تھی، پھرمیں نے ایک اخبار کے پہلے صفحے پر پڑھا، میں اخبار کا نام نہیں لوں گا کیونکہ وہ عام طور پر جعلی خبریں دیتا ہے، کہ پاکستان اور بھارت جنگ کر رہے ہیں۔