معروف پاکستانی اداکار دانش تیمور نے بھارتی اداکار ہرش وردھن رانے سے مشابہت سے متعلق مداحوں کے تبصروں پر دلچسپ انداز میں جواب دے کر سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔
دانش تیمور پاکستان کے مقبول ترین اداکاروں میں سے ایک ہیں، ان کے انسٹاگرام پر 88 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں، انہوں نے کئی سپر ہٹ ڈراموں میں شاندار اداکاری کی ہے، جس کے مجموعی ویوز اربوں تک جا پہنچے ہیں۔
ان دنوں دانش تیمور اپنی اہلیہ عائزہ خان کے ہمراہ امریکا کے دورے پر ہیں، جہاں وہ مداحوں سے میٹ اینڈ گریٹ سیشنز میں ملاقات کر رہے ہیں اور مختلف فنڈ ریزنگ ایونٹس میں بھی شرکت کر رہے ہیں۔
ایک تقریب کے دوران مداحوں نے دانش تیمور سے کہا کہ ان کی شکل بھارتی اداکار ہرش وردھن رانے سے ملتی ہے، اس پر دانش تیمور نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ہرش وردھن رانے؟ آپ کہہ رہے ہیں میں ان جیسا لگتا ہوں؟ آپ بتائیں، کیا میں واقعی ان جیسا لگتا ہوں؟ اگر ہاں، تو میرا جواب یہ ہے کہ میں کسی جیسا نہیں لگتا، میں اپنی طرح ہوں، میں اصل ہوں۔
مداحوں نے بھی ان کے اس خوش مزاج اور پُراعتماد انداز کی تعریف کی، کئی صارفین نے لکھا کہ دانش تیمور ہرش وردھن رانے سے کہیں زیادہ خوبصورت ہیں، جبکہ کچھ نے کہا کہ دونوں میں واقعی کچھ مشابہت تو ہے۔
سوشل میڈیا پر دانش تیمور کے اس جواب کو دلچسپ، باوقار اور مزاحیہ قرار دیا جارہا ہے۔