کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ ٹرافی کے حوالے سے پاکستان کر کٹ بورڈ کے چیئر مین اور ایشین کر کٹ کونسل کے صدر محسن نقوی کے سخت موقف نے آئی سی سی کو فوری فیصلے لینے سے پسپائی پر مجبور کردیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اجلاس کے دوران بھارتی کر کٹ حکام نے ایشیا کپ میں محسن نقوی سے ٹرافی نہ لینے کے بھارتی کھلاڑیوں کے اقدام کو اٹھایا اور ٹرافی دینے کا مطالبہ کیا جس پر ایشین کرکٹ کونسل کے صدر ، پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے جواب دیا کہ آئی سی سی چیئرمین اگر کسی ایونٹ کے انعامات تقسیم کررہا ہو، سامنے کوئی ٹیم لینے سے انکار کرے اور سیاست زدہ کرے تو آئی سی سی اس پر کیا ایکشن لے گی۔ ٹیم کے بات مانے گی یا اپنے ہی چیئرمین کو ڈی گریڈ کرے گی۔ اجلاس میں نقوی کے موقف سے اکثریتی ممالک نے اتفاق کیا۔ کچھ تقسیم میں دکھائی دیئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا کہ آئی سی سی کی ایک کمیٹی اس مسئلے کو دیکھے گی جس میں 3 سے 5 ممبران ہوسکتے ہیں اور اتفاق رائے سے مسئلہ حل کیا جائے گا۔ تمام بورڈ ممبران نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس مسئلے کو جلد از جلد خوش اسلوبی سے حل کیا جانا چاہیے۔ اجلاس میں ٹی 20 ورلڈکپ شیڈول سمیت کئی بڑے فیصلے کئے گئے جس میں انڈر 19 ورلڈکپ 2026 فارمیٹ کی منظوری، اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت، ٹیموں کی رسائی کے طریقہ کار، آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ 2026 کے وینیوز سمیت کئی اہم ایشوز پر بحث کی گئی اور فیصلے کئے گئے ہیں۔ لاس اینجلس اولمپکس میں شمولیت کے بعد اس حوالہ سے ٹیموں کی کوالیفیکیشن پر ایک اور رپورٹ پیش کی گئی ہے، ٹیسٹ کرکٹ کے دو درجاتی سسٹم کے حوا لے سے ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی ہے۔ جس پر اگلے سال مارچ تک مزید غورو خوض کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ انڈر 19 ورلڈکپ 2026 کو ففٹی اوور ز فارمیٹ پر ہی رکھا گیا ہے۔ ادھر آئی سی سی نے آئندہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنلز کی میزبانی کے حقوق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو سونپ دیے ہیں۔ انگلینڈ اب 2027، 2029، اور 2031 کے فائنلز کی میزبانی کرے گا۔ ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2030 کو 12 ٹیموں سے بڑھا کر 16 ٹیموں تک کرنے کی باضابطہ منظوری دی گئی۔ 2028 لاس اینجلس اولمپکس میں کھیل کی شمولیت کے بعد پیدا ہونے والے ترقیاتی، مارکیٹنگ اور مالیاتی مواقعوں کو زیر غور لایا گیا۔ اس کے علاوہ، T20 ورلڈ کپ 2024 کے انعقاد کے طریقہ کار کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ بھی کیا گیا۔