• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائداعظم ٹرافی:کراچی بلوز کے سعد کی میچ میں دوسری سنچری

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چھٹے راؤنڈ کے تیسرے دن جمعے کواسلام آباد نے ملتان کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔ کراچی بلوز کے سعد بیگ نے پشاور کے خلاف میچ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔مرغزار کرکٹ گراؤنڈ میں کراچی بلوز نے پشاور کے خلاف دوسری اننگز 283 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیر کردی۔سعد بیگ نے بارہ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے116 رنز بنائے۔ انہوں نے میچ کی پہلی اننگز میں بھی 109 رنز بنائے تھے۔شان مسعود101 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ پشاور کو 510 رنز کا ہدف ملا ہے۔ کھیل ختم ہونے پر اس نے 4 وکٹوں پر 92 رنز بنائے تھے۔ چاروں وکٹیں محمد حمزہ نے حاصل کیں۔ راولپنڈی میں ایبٹ آباد نے فاٹا کے خلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹوں پر 424 رنز بنائے تھے۔ شاہ زیب خان نے2 چھکوں اور 20 چوکوں کی مدد سے 167 ، خالد عثمان نے 50 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے۔ آصف آفریدی نے 127 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں۔ پشاور میں ملتان کی ٹیم اسلام آباد کے خلاف دوسری اننگز 172 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ شایان شیخ نے چار اور حنین شاہ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ اسلام آباد کو صرف10 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔ حنین شاہ پلیئر آف دی میچ رہے ۔ ایبٹ آباد میں سیالکوٹ نے بہاولپور کے خلاف پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 375 رنز بنائے ۔ محمد ہریرہ نے 178 اور اذان اویس نے 156 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے۔ ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 326 رنز کا اضافہ کیا۔

اسپورٹس سے مزید