اسلام آباد (فاروق اقدس) 27ویں آئینی ترمیم کے تناظر میں JUIاسلام آباد ,کراچی میں PPP سرگرم ، اجلاسوں ،پریس کانفرنسوں سے قبل فضل الرحمان اوربلاول بھٹو کے ٹیلی فونک رابطے‘ صدر زرداری بھی کراچی میں موجود، پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی آمد غیر سرکاری ‘ نجی دورے پر آئے، مولانا جمعہ کی شب 9بجے کی پرواز سے کراچی پہنچ گئے، عبدالقادر پٹیل کے بیٹے کے ولیمہ میں شرکت کرینگے،ملاقا تیں طے نہیں تاہم اسے خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق 27ویں آئینی ترمیم کے تناظر میں جمعہ کو ہونے والی دواہم غیر حکومتی سرگرمیوں میں پہلی جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے جے یو آئی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں مشاورت اور بعد ازاں پریس کانفرنس‘ پھر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی جانب سے کراچی میں پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کے اجلاس اور بعد میں میڈیا سے بلاول بھٹو کی گفتگو دونوں اہم ایونٹ تھے جو اس بات کی غمازی بھی کر رہے تھے ،دو جماعتوں کے درمیان 26ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے کی ہم آہنگی موجود ہے۔ جے یو آئی کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس جس میں اراکین اسمبلی اور سنیٹرز کے علاوہ بعض سینئر عہدیدار بھی موجود تھے‘ جونہی اختتام پذیر ہوئی مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ اجلاس شروع ہونے سے پیشتر ہی دونوں جماعتوں کے قائدین کے درمیان مشاورت ہوئی تھی۔ مولانا فضل الرحمان جو جمعہ کی شب ہی نو بجے کی پرواز سے کراچی روانہ ہو گئے تھے ذرائع کے مطابق وہ کراچی میں پیپلز پارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل کے صاحبزادے کی دعوت ولیمہ میں بھی شرکت کرینگے۔ جو دعوت میں شریک سیاست دانوں کی وجہ سے غیر معمولی توجہ کی مرکز بنے گی۔