کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر وہاب ریاض پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ بطور کنسلٹنٹ منسلک ہیں۔ اس وقت وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مختلف شعبوں کی ٹیموں کے ساتھ کام کر رہے ہیں، اس کے علاوہ انہیں اور فی الحال کوئی نئی ذمہ داری نہیں سونپی گئی۔ تاہم میڈیا کا کہنا ہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر وہاب ریاض کو پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کا کنسلٹنٹ مقرر کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وہاب ریاض چند ہفتوں سے پاکستان ویمن کرکٹ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ منسلک تھے،دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان خواتین ٹیم کے سپورٹ اسٹاف میں بھی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں اور سابق ٹیسٹ کرکٹر عمران فرحت کو بھی ویمن ٹیم کے سپورٹ اسٹاف میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی جلد پاکستان ویمن ٹیم کے ہیڈ کوچ اور اسپورٹ اسٹاف کا اعلان کرے گا۔ خیال رہےکہ محمد وسیم کے عہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد ویمن ہیڈ کوچ کا عہدہ خالی ہے۔