کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے نئے انتخابات اگلے سال کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے دو رکنی الیکشن تشکیل دیا ہے۔ فیڈریشن کو دوماہ میں نئے انتخابات کرانے کی ہدایت کی گئی ہے تاہم فیڈریشن نے واضح طور پر کہا ہے کہ ہم اپنی خود مختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ جمعے کو لاہور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی کی زیر صدارت ایگزیکٹیو بورڈ اور کانگریس اجلاس ہوا ۔ اجلاس کے بعد طارق حسین بگٹی نے کہا کہ کانگریس نے کلبز اسکروٹنی کی اجازت اور پاکستان ہاکی بورڈ بنانے کی حمایت کی ہے۔ بورڈ بننے سے ہی ذرائع آمدنی بڑھیں گے۔ الیکشنز میں پی او اے ، پی ایس بی کے نمائندوں کو بطور آبزرور مدعو کریں گے، تمام کلبز کو رجسٹریشن کا حق دیا جائے گا ۔ فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد علی خاں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 15 سے 30 دسمبر تک کلبوں کی رجسٹریشن ہوگی، پانچ سے 30 جنوری تک ا سکروٹنی اور ڈسٹرکٹ الیکشنز ہوں گے ۔ اسکروٹنی کمیٹی میں ایک نمائندہ پی ایچ ایف کا، ایک نمائندہ صوبائی ایسوسی ایشن اور ایک نمائندہ پی ایس بی کا ہوگا ۔ دوسرے مرحلے میں صوبائی جبکہ تیسرے مرحلے فیڈریشن کے الیکشنز ہوں گے ۔ اجلاس میں 107میں سے 67 ممبرز شریک ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ 75 کروڑ روپے کے بجٹ کی منظوری دی گئی ۔ ہمارے پاس اس وقت صرف 10 لاکھ روپے ہیں لیکن ہم نے اخراجات کی منظوری لی ہے۔ الیکشن کمیشن کیلئے پی ایس بی سے مشاورت کریں گے ۔ فنانشل رولز میں ترامیم کو موخر کیا ہے۔