کراچی /ریاض ( اسٹاف رپورٹر/ شاہد نعیم) چھٹے اسلامی یک جہتی گیمز کا جمعے کو ریاض میں رنگارنگ اور دلفریب تقریب میں باقاعدہ افتتاح ہوگیا، رنگا رنگ تقریب میں سعودی عرب کی ثقافت، امن دوستی،اتحاد اور یک جہتی کا پیغام دیا گیا، مشعل روشن ہوئی جس کا شعلہ 21 نومبر تک بھڑکتا رہے گا ۔ پاکستان کی عروشہ سعید نے کیٹیگری کراش میں کانسی کا تمغہ جیت لیا، یہ ایونٹ نمائشی طور پر شامل کیا گیا تھا ۔ پاکستان کی ابھرتی ہوئی باکسر فاطمہ زہرہ نے الجزائر کی حمدہ ملیسا کو کوارٹر فائنل میں شکست دیکر خواتین باکسنگ میں پہلا تمغہ یقینی بنالیا، فاطمہ زہرہ نے 60 کلوگرام کیٹیگری کے کوارٹر فائنل میں پانچ صفر سے کامیابی حاصل کرکے لاسٹ فور میں جگہ بنائی ۔ فاطمہ زہرہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اُن کی پوری کوشش ہے کہ وہ فائنل میں پہنچ کر پاکستان کا پرچم مزید بلند کریں۔ اسلامی یکجہتی کھیلوں میں پاکستانی ایتھلیٹس مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں۔مکہ مکرمہ میں افتتاحی ایڈیشن کے 20 سال بعد سعودی عرب میں کھیلوں کا یہ ایونٹ ہورہا ہے،جس میں57 اسلامی ممالک کے تین ہزار سے زائد مرد اور خواتین کھلاڑی ایکشن میں ہیں۔