کراچی (اسد ابن حسن) ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کے احکامات کے تناظر میں ادارے کے اعلی افسران جن میں ڈائریکٹر سے لے کر ڈپٹی ڈائریکٹرز شامل ہیں ان کے فوری طور پر تبادلے کر دیئے گئے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایچ آر ایم جائر نصرانی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈائریکٹر عامر عبداللہ خان کا تبادلہ امیگریشن سے ہیڈ کوارٹر کر دیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹرز سمیرا اعظم کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی، خرم سعید رانا کو اینٹی منی لانڈرنگ سرکل ہیڈ کوارٹر اور ساتھ ہی قائم مقام ڈائریکٹر کا چارج سونپ دیا گیا ہے، عائشہ آغا خان کو ایڈمن ہیڈ کوارٹر، ارتضی حیدر کو ایڈمن گجرانوالہ، شاہجہاں کو انٹرپول ہیڈ کوارٹر، ایک ایڈیشنل ڈائریکٹر افتخار احمد خان کو تین چارج سونپ دیئے گئے ہیں جن میں امیگریشن ہیڈ کوارٹر، ڈائریکٹر امیگریشن ہیڈ کوارٹر اور ڈائریکٹر اینٹی ہیومن اسمگلنگ شامل ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹرز رائے نصر اللہ کاؤنٹر ٹیررازم ونگ لاہور اور ماہم خان کمرشل بینکنگ سرکل کے تبادل شامل ہیں۔