کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر و دیگر کی ای چالان کے خلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔سندھ ہائیکورٹ میں درخواست میں کہا گیا ہے کہ وفاق کو 50فیصد اور سندھ کو 95فیصد ریونیو دینے والے شہر کے لوگوں پر اضافی بوجھ امتیازی سلوک ہے ۔ 30سے 40ہزار ماہانہ کمانے والا کیسے اتنے بھاری جرمانے ادا کرسکتا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا کہ خودکار نظام کے تحت خلاف ورزی پر ای چالان بھیجے جارہے ہیں۔ شہر کی سڑکوں پر نہ زیبرا کراسنگ موجود ہے اور نہ ہی حد رفتار کے اشارے موجود ہیں۔ شہر کی خراب سڑکیں شہریوں کو متبادل یا غلط راستے اپنانے پر مجبور کرتی ہیں۔ بعض مقامات پر ترقیاتی منصوبوں کے باعث ٹریفک پولیس رانگ وے ٹریفک چلاتی ہے۔