اسلام آباد (ساجد چوہدری )سنیٹر ایمل ولی خان نے پی ٹی آئی ارکان کوشور شرابہ کرنے پر آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے فلور کو گندگی کا ڈھیر کہہ دیا اور کہا کہ پہلے ان کو بٹھایا جائے یا باہر نکالیں پھر بات کروں گا ،اپوزیشن کے شور شرابہ اور پھر کورم کی نشاندہی کے باعث وہ تقریر نہ کر سکے،اعظم سواتی نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے بغیر یہ ہائوس نامکمل ہے،اعظم نذیر تارڈ نے جواب دیا کہ اپوزیشن کیلئے نیک تمنائیں ہیں،، جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران پریذائیڈنگ افسر نے جونہی فلور سنیٹر ایمل ولی کو دیا تو تحریک انصاف کے ارکان کھڑے ہو گئے ، شورشرابہ شروع کر دیا اس پر ایمل ولی نے پریذائیڈنگ افسر سے کہا کہ ان کو چیئر سے یا مجھ سے مسئلہ ہے ، دیکھیں یہ کیا ماحول ہے، مچھلی منڈی لگ رہی ہے ، انہوں نے پی ٹی آئی ارکان سے کہا چیخیں دنیا آپ کو جانتی ہے، اب بچے بھی آپ کو جانتے ہیں ،انہوں نے پریذائیڈنگ افسر سے کہا اس ہائوس اور ایوان کا تقدس قائم رکھنا آپ کی ذمہ داری ہے ، اس ماحول میں بات کرنا ناممکن ہے۔