اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزرا طارق فضل چوہدری اور طلال چوہدری نے اسلام آباد پولیس کی جانب سے کشمیری شہریوں کے خلاف کارروائیوں کے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی معمول کی چیکنگ کو کشمیریوں کے خلاف کارروائیوں کا نام دیکر سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ نوجوان ایسی بے بنیاد خبروں کو بغیر تصدیق آگے نہ بڑھائیں، وفاقی وزیر نے کہا کہ ان جھوٹی پوسٹوں کا مقصد حکومت اور اداروں کیخلاف نفرت پھیلانا ہے۔