کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر میں کیمروں کا جال بچھ جانے کے باوجود لوٹ مار میں ملوث ملزمان آزاد ہیں ،بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہری سے 50اکھ روپے لوٹ لیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں اسلحے کے زور پر لوٹ مار کاسلسلہ جاری ہے۔ شہر میں لگے ہزاروں کیمرے بھی ملزمان کو گرفتار کرنے میں معاون ثابت نہیں ہو رہے۔ نیو ٹاؤن تھانے کی حدود شرف آباد سی پی برار سوسائٹی میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والے فرحان یوسف نامی شہری سے موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان اسلحے کے زور پر 50لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔واردات کا مقدمہ نمبر 454/25متاثرہ شہری کی مدعیت میں نیو ٹاؤن تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔مدعی فرحان یوسف کے مطابق میں کنسٹرکشن کا کاروبار کرتا ہوں جس کے لیے بینک سے 50لاکھ روپے نکالوائے تھے۔ بینک سے جیسے ہی اپنے دفتر پہنچا اور گاڑی کھڑی کی اور رقم نکالی تو موٹر سائیکل پر سوار 2ملزمان آئے اورمسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر مجھے سے میرا بیگ اور رقم چھین کر فرار ہوگئے۔