کراچی (اسد ابن حسن) پنجاب سے تعلق رکھنے والے مسافروں کے کراچی ائیرپورٹ سے واٹس ایپ احکامات پر آف لوڈ کئے جانے کی خبروں پر ائیرلائنز اور مسافروں کے احتجاج کے بعد وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی امور چوہدری سالک حسین نے اس بات کا سخت نوٹس لیا۔ وفاقی وزیر نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار سمیت اعلی افسروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا جس میں ڈی جی نے یہ یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کریں گے۔ معلوم ہوا ہے کہ اب ایک بار پھر واٹس ایپ پیغام کے ذریعے پچھلے احکامات منسوخ کردیئے گئے ہیں اور حکم دیا گیا ہے کہ کسی بھی جینوئن مسافر کو نہ روکا جائے۔ جبکہ گزشتہ دنوں مسافروں کو آف لوڈ کرنے کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے احکامات پر عمل کرنے کی "پاداش" میں دو افسران انسپکٹر زرینہ اسحاق اور سب انسپکٹر آفتاب شیخ کو معطل کر کے زونل آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کے ساتھ محکمانہ کاروائی کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔