کراچی (اسٹاف رپورٹر) طارق روڈ پر کسٹم حکام کا چھاپہ، دکانداروں نے کسٹم حکام پر حملہ کر دیا، فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے، تفصیلات کے مطابق طارق روڈ پر واقع نجی شاپنگ سینٹر میں کسٹم حکام نے اتوار اور پیر کی شب چھاپہ مارا ، چھاپے کے دوران کسٹم افسران و اہلکاروں کی بڑی تعداد کے ساتھ پولیس اور رینجرز کی بھی بھاری نفری موجود تھی، پولیس کا کہنا تھا کہ اسمگل شدہ کپڑے کی برآمدگی کے لیےکسٹم اہلکار جب شاپنگ سینٹر میں داخل ہوئے تو موقع پر موجود دکاندار مشتعل ہوگئے اور پتھراؤ شروع کر دیا جبکہ نامعلوم افراد نے فائرنگ بھی کی ،قانون فافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے بھی مشتعل افراد کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی، فائرنگ سے علاقہ میدان جنگ بن گیا،مشتعل دکانداروں نے ابتدائی طور پر طارق روڈ لبرٹی سگنل کے قریب سڑک پر ٹائر جلائے جبکہ ایک ٹرک کو بھی آگ لگا دی ، دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے ، جناح اسپتال میں شناحت 21 سالہ شہرائے مسیح ولد پترس مسیح اور 36 سالہ سمیر ولد دوست محمد کے ناموں سے کی گئی ،پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین کی فائرنگ سے زخمی ہوئے ہیں،پولیس نے بتایا کہ کسٹم حکام شاپنگ مال سے بھاری مالیت کا اسمگل شدہ کپڑا برآمد کر کے ٹرکوں میں لوڈ کر کے اپنے ہمراہ لے گئے اور دکانداروں کو کہا کہ اگر ان کے پاس کسٹم رسیدیں موجود ہیں تو وہ رسیدیں دکھا کر اپنا سامان واپس لے جا سکتے ہیں۔