کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا ہے کہ ملک کے واحد فولاد ساز ادارے پاکستان اسٹیل کی نجکاری ملکی معیشت کے لیے نقصان دہ ہے،اسٹیل مل میں پہلے بے تحاشہ سیاسی بھرتیوں کے سبب اسے تباہی کے کنارے پر دھکیل دیا گیا اور آج نجکاری کا کھیل کھیلا جا رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پروگرام آرگنائزنگ کمیٹی شہید پاشا گل،پاکستان ورکرز ٹریننگ اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ (وی ٹرسٹ) کے اشتراک سے ”پاشا احمد گل،مزدور تحریک کا لازوال کردار“ کے عنوان سے ”پاشا احمد گل کے23 ویں یوم شہادت“ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب میں شرکاء کی جانب سے متفقہ طور پر ایک قرار داد بھی منظور کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت پاکستان فوری طور پر ایک اعلیٰ سطح کا تحقیقاتی کمیشن قائم کرے جوکرپشن، چوریوں اور بد انتظامیوں کی تحقیقات اور اسٹیل مل کے دوبارہ فعال ہونے کا قابل ِ عمل منصوبہ تیارکرے،اسٹیل ٹاؤن میں گیس، پانی، بجلی اور صفائی ستھرائی کی سہولتیں بحال کی جائیں۔