• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکا سے دوسرا ون ڈے، ٹھنڈا موسم، جیت کا عزم، شاہین الیون کل پھر میدان میں-

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹھنڈے موسم میں شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم مسلسل دوسری ون ڈے سیریز جیتنے کیلئے جمعہ کو پنڈی اسٹیڈیم میں میدان میں اترے گی۔ پاکستان نے پہلا ون ڈے سنسنی خیز مقابلے کے بعد چھ رنز سے جیتا تھا۔ گذشتہ ہفتے پاکستان نے جنوبی افریقا کو دو ایک سے شکست دی تھی۔ بابر اعظم ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ انہیں انٹرنیشنل سنچری بنائے ہوئے 83 اننگز گزر چکی ہیں۔ ویرات کوہلی نے بھی 2023 میں 83 اننگز کے بعد سنچری بنائی تھی۔سابق ویسٹ انڈین اسٹار شیونارائن چندرپال کو سنچری کیلئے 78 اننگز تک انتظار کرنا پڑا تھا۔ بدھ کو دونوں ٹیموں نے آرام کیا۔ پہلے میچ میں میچ میں سری لنکا 9 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز ہی بنا سکی، آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے وانندو ہسرنگا نے 52 گیندوں پر 59رنز کی اننگز کھیلی ۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 61 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان نے 5 وکٹ پر 299رنز بنائے تھے۔ فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا کہ ٹھنڈے موسم میں بولنگ کرنا مشکل ہوتا ہے۔ لوگ 10 اچھے میچز کو بھول کر ایک بُرے میچ کو یاد رکھتے ہیں ، لوگ چاہتے ہیں کھلاڑی ہر میچ میں پرفارمنس دیں۔ انہیں لگتا ہےکھلاڑی روبوٹ ہیں، لیکن ہم مشین نہیں ہیں، ہم سے بھی غلطیاں ہوتی ہیں لیکن خود پر بھروسہ رکھتے ہیں۔ کھلاڑی ہمیشہ اپنی اگلی اسائنمنٹ کی طرف دیکھتے ہیں، ٹیسٹ کرکٹ کیلئے جب بھی موقع ملے گا، ملک کیلئے حاضر ہوں ۔ ایک پلان ہم بناتے ہیں، ایک پلان دوسرے کا ہوتا ہے اور سب سے زیادہ درست پلان وہ ہوتا ہے جو اللہ کا ہوتا ہے۔ ان کا بابر اعظم کے کیچ آؤٹ کے حوالے سے کہنا تھا کہ وہ غیر معمولی کیچ تھا اور اس کا فیلڈ میں اپنا اثر تھا ۔ حارث کا کہنا تھا کہ ہمارے یہاں فیلڈ میں معافی نہیں، بلکہ کھلاڑی کو ہمیشہ پرفارم کرنا ہوتا ہے۔

اسپورٹس سے مزید