کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کیماڑی کے تحت خسرہ، روبیلا اور پولیو سے بچاؤ کی قومی مہم 2025 کے سلسلے میں مرشد اسپتال میں آگاہی اور ایڈووکیسی سیشن کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر عالمی ادارۂ صحت، یونیسیف، نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور وائیٹل پاکستان سمیت دیگر شراکت دار اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون عبدالستار ہکڑو نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے خسرہ، روبیلا اور پولیو کے خلاف جاری مہم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ڈسٹرکٹ فوکل پرسن ڈاکٹر حرا ظہیر نے کہا کہ ضلع کیماڑی میں والدین اور اساتذہ کو آگاہ کرنا نہایت ضروری ہے تاکہ ہر بچے کو بروقت حفاظتی ٹیکے لگائے جا سکیں۔ ماہرِ اطفال ڈاکٹر مشال خال نے کہا کہ یہ ویکسین نہ صرف بچوں کو خطرناک بیماریوں سے محفوظ بناتی ہے بلکہ پاکستان کو خسرہ اور روبیلا کے خاتمے کی عالمی کوششوں کے قریب لاتی ہے۔ ڈاکٹر سراج نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے، جبکہ ڈاکٹر اسداللہ نے سرویلنس، بیماریوں کی موجودہ صورتحال اور خسرہ کے پھیلاؤ سے متعلق اعداد و شمار پیش کیے۔ ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر سہیل بن سعید نے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر کوئی بھی ویکسین مہم کامیاب نہیں ہو سکتی۔ اختتامی کلمات ڈاکٹر دلبر نے پیش کیے اور تمام شراکت دار اداروں وائیٹل پاکستان، ٹی کے ایف، یونیسف، مائیکرو مینجمنٹ، اور ڈی ای او سی ٹیم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔