نیویارک (عظیم ایم میاں) علامہ اقبال کے افکار اہل پاکستان کے لئے آج بھی مشعل راہ اور قومی زندگی کے لئے سنہری اصول ہیں ان کے فلسفہ خودی نے برصغیر کے مسلمانوں کو نہ صرف متحد ہو کر مطالبہ پاکستان کیلئے آمادہ کیا بلکہ علیحدہ مسلمان مملکت پاکستان کا تصور بھی دیا۔یہ بات یوم اقبالؒ کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجتماع میں قونصل جنرل عامر آتوزئیو دیگرمقررین نے کہی۔ بریلنس فائونڈیشن کی ذیلی تنظیم ’’اردو ادب اور چائے‘‘ کے زیر انتظام پاکستان قونصلیٹ جنرل نیویارک کی عمارت میں ہونے والی اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل عامر آتوزئی نے علامہ اقبال کے فلسفہ خودی اور مسلمانوں کے لئے اپنی شاعری کے ذریعے آگاہی اور خدمات کا تفصیلی ذکر کیا جبکہ امریکا میں اردو مرکز نیویارک کے تحت سالہا سال تک اردو کے تحفظ اور فروغ کے لئے خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ یافتہ شاعر اور مصنف رئیس وارثی نے بھی ڈاکٹر محمد اقبال کی شاعری اور خدمات پر اظہار خیال کیا۔